بڑی عمر کے لوگوں میں ڈپریشن

Depression in older adults

Below is an Urdu translation of our information resource on depression in older adults. You can also view our other Urdu translations.

یہ معلومات ان بزرگوں کے لیے لکھی گئی ہے جو ڈپریشن کا شکار ہوئے ہیں یا جن کے خیال میں وہ ڈپریشن کا شکار ہو سکتے ہیں، اور ان لوگوں کے لیے جو ان کا خیال رکھتے ہیں۔

یہ مندرجہ ذیل باتوں پر روشنی ڈالتا ہے:

  • ڈپریشن کے ساتھ بزرگ افراد جن مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں
  • بوڑھے افراد میں ڈپریشن کی علامات کیسے مختلف ہو سکتی ہیں
  • دیکھ بھال تک رسائی میں رکاوٹیں
  • مزید معلومات اور مدد کیسے حاصل کی جائے۔

اس مواد میں، جب ہم 'بزرگ افراد' کہتے ہیں تو ہماری مراد 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگ ہوتے ہیں۔ تاہم، ہم جانتے ہیں کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کویہ معلومات ان سے متعلقہ نہیں لگیں گی۔

ڈپریشن کیا ہے؟

ڈپریشن ایک دماغی بیماری ہے جو آپ کے سوچنے اور محسوس کرنے کے انداز کو متاثر کرتی ہے۔ یہ کافی عام ہے اور ہر عمر کے لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ انگلینڈ میں ہر ہفتے 100 میں سے 3 افراد میں ڈپریشن کی تشخیص ہوتی ہے۔

ڈپریشن کی علامات کیا ہیں؟

ڈپریشن صرف اداس محسوس کرنا نہیں ہے۔ اگر آپ کو ڈپریشن ہے تو آپ:

  • ناخوش، نا امید محسوس کریں گے اور سمجھیں گے کہ زندگی جینے کے قابل نہیں ہے۔
  • پریشان یا فکر مند محسوس کریں گے
  • روزمرہ کے کاموں کو کرنے میں مشکل کا سامنا کریں گے
  • توجہ مرکوز کرنے یا چیزوں کو یاد رکھنے میں مشکل محسوس کریں گے
  • ان چیزوں میں دلچسپی کھو دیتے ہیں جن میں کبھی آپ دلچسپی رکھتے تھے۔

آپ اپنے جسم میں یہ علامات محسوس کر سکتے ہیں:

  • تھکاوٹ یا بے چینی
  • نیند نہ آنا، یا بہت زیادہ سونا
  • جسمانی صحت کے مسائل جیسے سر درد یا پیٹ میں درد
  • جنسی تعلقات میں دلچسپی کھو دینا
  • معمول سے کم یا زیادہ کھانا

دوسرے لوگ کو ایسا لگ سکتا ہے کہ آپ:

  • معمول سے زیادہ خاموش، پریشان، چڑچڑے یا اداس نظر آتے ہیں۔
  • توجہ مرکوز کرنے میں مشکل کا سامنا کرتے ہیں
  • معمول سے زیادہ یا کم سوتے ہیں
  • درد کی شکایت کرتے ہیں
  • اپنی یا اپنے گھر کی دیکھ بھال کی فکر نہیں کرتے
  • زیادہ الگ تھلگ یا تنہا نظر آتے ہیں۔

ڈپریشن ہلکی، درمیانی یا شدید ہو سکتی ہے اور آپ کی ڈپریشن کی شدت کے لحاظ سے آپ کی علامات مختلف ہو سکتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ یہ فوری طور پر واضح نہ ہو کہ آپ یا کوئی اور ڈپریشن سے گزر رہا ہے۔ آپ ڈپریشن کے بارے میں مزید معلومات ہمارے معلوماتی وسائل میں  حاصل کر سکتے ہیں۔

مجھے مدد کب لینی چاہیے؟

ہم میں سے اکثر کو وقتاً فوقتاً ان میں سے کچھ کا احساس ہوتا ہے۔ تاہم، مدد طلب کرنا ضروری ہوتا ہے اگر:

  • آپ ان احساسات سے مغلوب ہو جائیں
  • یہ احساسات دو ہفتوں سے زیادہ جاری رہتے ہیں
  • یہ احساسات آپ کی زندگی کے بہت سے شعبوں کو متاثر کرنے لگے ہیں
  • آپ کو لگتا ہے کہ زندگی جینے کے قابل نہیں ہے۔

کیا ڈپریشن کوئی نئی چیز ہے؟

ڈپریشن کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ تاہم، ماضی میں دماغی صحت اور دماغی بیماری کے بارے میں کھل کر بات کرنے کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی تھی۔ ڈپریشن اور اس میں مبتلا لوگوں کے بارے میں بہت ساری غلط فہمیاں اور دقیانوسی تصورات پائے جاتے تھے۔ ڈپریشن کو بیان کرنے میں استعمال ہونے والے کچھ الفاظ منفی اور بے رحم تھے۔

وقت کے ساتھ ساتھ ہم نے مزید جان لیا ہے کہ ڈپریشن کیوں ہوتی ہے اور اس کا بہترین علاج کیسے کیا جائے۔ اگرچہ ڈپریشن اور دیگر دماغی بیماریوں کے بارے میں منفی خیالات اب بھی موجود ہیں لیکن چیزیں پہلے سے کہیں بہتر ہیں۔ ڈپریشن کے شکار ہر عمر کے لوگوں کے لیے اب کافی مدد دستیاب ہے۔

بوڑھے لوگ ڈپریشن کا شکار کیوں ہو جاتے ہیں؟

بہت ساری وجوہات کی وجہ سے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں، ان میں زندگی کے مشکل تجربات، جسمانی صحت کے عارضے اور جینیاتی عوامل شامل ہیں۔ آپ ڈپریشن کے بارے میں مزید معلومات ہمارے ڈپریشن پر مواد میں  حاصل کر سکتے ہیں۔

کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جو بوڑھے لوگوں کو ڈپریشن کے زیادہ قریب لے جا سکتی ہیں۔ ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

جسمانی صحت کے عارضے

بوڑھے لوگوں میں ایک یا زیادہ طویل مدتی صحت سے متعلق مسائل کی تشخیص ہو سکتی ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ یہ لوگوں میں ڈپریشن کا امکان بڑھا سکتی ہیں۔

ڈیمنشیا

ڈیمنشیا ایک ایسی بیماری ہے جو آپ کی یادداشت، زبان اور رویے کو متاثر کرتی ہے اور زیادہ تر بوڑھے لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ڈیمنشیا میں مبتلا ہر 10 میں سے 3 افراد ڈپریشن کا شکار ہیں۔

پارکنسن کی بیماری

پارکنسن کی بیماری آپ کے دماغ کے کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔ یہ کانپنے، آہستہ چلنے اور پٹھوں میں سختی جیسی علامات کا سبب بنتی ہے اور یہ 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں زیادہ عام ہے۔ پارکنسن کی بیماری والے لوگوں میں ڈپریشن کے احساسات عام ہیں۔

تنہائی

تنہائی ان لوگوں میں زیادہ عام ہے جو بیوہ یا رنڈوے ہو چکے ہیں، صحت کے مسائل کا شکار ہیں یا تنہا رہتے ہیں۔ یہاں تک کہ جن لوگوں کو دوستوں اور خاندان والوں کی مدد حاصل ہے وہ بھی تنہائی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ تنہا رہنا ڈپریشن کا شکار ہونے جیسا نہیں ہے لیکن تنہائی کے بوڑھے افراد میں بھی ڈپریشن کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔

غم

جب آپ کا کوئی اپنا فوت ہو جاتا ہے تو غم کے جذبات معمول کی بات ہیں، خاص طور پر اگر مرنے والا فرد آپ کے بہت قریب تھا۔ آپ شاید کسی پیارے کی موت کو مکمل طور پر 'بھول' نہیں پائیں گے۔ تاہم، اگر آپ کے غم کے احساسات طویل عرصے تک شدید رہتے ہیں یا وہ بڑھ ہو رہے ہوں تو آپ کو پیشہ ورانہ مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

جب کوئی مر جاتا ہے تو ایسی صورت می نیند نہ آنا اور بھوک نہ لگنا عام بات ہے۔ آپ کی نیند اور خوراک میں تبدیلی آپ کی دماغی صحت پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

ویسکولر ڈپریشن

دماغ میں خون کی گردش کو متاثر کرنے والی بیماریاں کسی کو ڈپریشن کا شکار ہونے کے زیادہ قریب لے جا سکتی ہیں۔ ان میں دل کی بیماری، فالج، اور ہائی بلڈ پریشر یا کولیسٹرول شامل ہیں۔

شراب کا استعمال

شراب دماغ کی کیمسٹری کو متاثر کرتی ہے جس سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر آپ کو پہلے سے ہی ڈپریشن ہے تو شراب اسے مزید خراب کر سکتی ہے۔

دیکھ بھال کے اداروں میں منتقل ہونا

جو لوگ دیکھ بھال کے اداروں میں رہتے ہیں ان میں ڈپریشن زیادہ عام ہے بنسبت ان لوگوں کے جو وہاں نہیں رہتے۔ اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جو لوگ دیکھ بھال کے اداروں میں رہتے ہیں ان میں سے کچھ کے لیے ایسے عوامل کا سامنا کرنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے جن کا ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں۔ یہ اس لیے بھی ہو سکتا ہے کہ جو لوگ دیکھ بھال کے ارادوں میں رہتے ہیں وہ اپنے معمول کے کاموں اور معاون ماحول سے محروم ہوتے ہیں۔

کون سا علاج دستیاب ہے؟

ڈپریشن قابل علاج ہے۔ معاونت کی مختلف اقسام دستیاب ہیں اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ بہت مؤثر ہو سکتی ہیں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ ڈپریشن کا سامنا کر رہے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو اپنے جنرل پریکٹیشنر سے بات کرنی چاہیے۔ وہ آپ سے سوالات پوچھیں گے کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں اور آپ کی زندگی کیسے گزر رہی ہے۔ وہ یہ جاننے کے لیے سوالنامہ استعمال کر سکتے ہیں کہ آیا آپ کو ڈپریشن ہے اور یہ کتنی شدید ہے۔

ایک بار جب آپ اس پر بات کر لیتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، آپ کا جنرل پریکٹیشنر آپ کی ضرورت کی مدد حاصل کرنے میں معاونت کر سکے گا۔

اپنی مدد آپ کرنا

اگر آپ کی ڈپریشن ہلکی ہے یا آپ کو پہلی بار ڈپریشن کا سامنا ہوا ہے، تو آپ کا جنرل پریکٹیشنر یہ تجویز کر سکتا ہے کہ آپ اپنی مدد کے لیے کچھ چیزیں کریں۔

NHS یہ 5 اقدامات تجویز کرتا ہے جو آپ اپنی دماغی صحت اور تندرستی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھا سکتے ہیں۔ یہ ہیں:

  1. دوسرے لوگوں کے ساتھ ملنا جلنا - یہ ایک دوست یا خاندانی رکن، مذہبی راہنما یا کوئی بھی شخص ہو سکتا ہے جسے آپ جانتے ہیں جس پر آپ بھروسہ اور اس کا احترام کرتے ہیں۔ اکثر جب ہم دوسروں سے اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ ہم کیسا محسوس کر رہے ہیں ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ان کے بھی ایسے ہی تجربات ہیں، اور یہ کہ ہم اتنے اکیلے نہیں ہیں جتنا ہم نے سوچا تھا۔
  2. جسمانی طور پر متحرک رہنا - یہ آپ کے مقامی پارک میں روزانہ چہل قدمی کرنے سے لے کر رقص کی کلاس میں شامل ہونے تک کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ متحرک رہنا، شراب نوشی کو کم کرنا، تمباکو نوشی چھوڑنا، صحت مند کھانا کھانا اور اچھی نیند لینا سب کے لیے اچھا ہے، لیکن اگر آپ ڈپریشن کا سامنا کر رہے ہیں تو یہ خاص طور پر مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
  3. نئی مہارتیں سیکھنا - آپ نیا کھانا پکانے، نئی ذمہ داریاں سنبھالنے یا اپنے قریب ہی کسی کورس میں داخلہ لینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کو اپنی خود اعتمادی کو بہتر بنانے اور دوسروں کے ساتھ جڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔
  4. دوسروں کو دیں - اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ آپ اپنی مقامی کمیونٹی میں رضاکارانہ طور پر اپنا وقت دیں، کسی کام میں پڑوسی یا دوست کی مدد کر کے اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کریں، یا صرف کسی دوست کو اس کی کوئی اچھی بات کی تعریف کر دیں۔
  5. توجہ دیں – اسے چوکنا پن بھی کہا جاتا ہے، اور یہ تب ہوتا ہے جب آپ اپنے آپ اور اپنے آس پاس کی دنیا پر توجہ دیتے ہیں۔ اس سے آپ کو اپنے ماحول سے زیادہ جڑنے اور اپنے خیالات اور احساسات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ چوکنا پن کی مشق کرنے کے بہت سے مختلف طریقے ہیں۔

NHS ویب سائٹ پران اقدامات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

معاشرتی صلاح

معاشرتی صلاح لوگوں کو کمیونٹی کی سروسز اور مقامی گروپس سے منسلک کرنے میں مدد کرتا ہے تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت میں معاونت کی جا سکے۔

آپ کا جنرل پریکٹیشنر آپ کو 'لنک ورکر' کے پاس بھیج سکتا ہے جو آپ کو آپ کی دلچسپی کی سرگرمیاں تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ آپ ان سرگرمیوں میں دیگر علاج کے علاوہ دوا سے علاج یا بول چال کے ساتھ علاج میں حصہ لے سکتے ہیں۔

آپ ہماری ویب سائٹ پرمعاشرتی صلاح کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

نفسیاتی علاج

اگر آپ نے اپنی مدد کرنے کی کوشش کی ہے اور پھر بھی جدوجہد کر رہے ہیں، یا اگر آپ کی ڈپریشن معتدل یا شدید ہے تو آپ کا جنرل پریکٹیشنر نفسیاتی علاج تجویز کر سکتا ہے۔

نفسیاتی علاج، یا بول چال سے علاج وہ ہوتے ہیں جن میں آپ کسی پیشہ ور یعنی تھراپسٹ سے اپنے احساسات کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ نفسیاتی علاج کی مختلف قسمیں ہیں، اور وہ مختلف طریقوں سے کام کرتی ہیں۔ جو آپ کو آپ کی ضروریات اور زندگی کے منفرد حالات کی بناء پردی جائیں گی۔

آپ ہماری ویب سائٹ پر دستیاب مختلف نفسیاتی علاجوں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

شروع میں، اپنی زندگی کے بارے میں کسی اجنبی سے بات کرنا بے آرام محسوس ہوسکتا ہے، لیکن یاد رکھیں کہ:

  • یہ نشستیں خفیہ ہوتی ہیں۔ آپ کا معالج آپ کے دوستوں یا خاندان والوں کے ساتھ کسی معلومات کا اشتراک تب تک نہیں کرے گا جب تک کہ آپ ان سے ایسا کرنے کو نہ کہیں گے۔ کچھ مخصوص حالات ہیں جہاں آپ کی معلومات کا کسی اور کے ساتھ اشتراک کیا جا سکتا ہے، جس کے بارے میں آپ مزید معلومات ہمارے مواد دماغی بیماری میں مبتلا کسی فرد کی دیکھ بھال کرنا میں حاصل کر سکتے ہیں۔
  • آپ کا معالج آپ کر کوئی رائے قائم نہیں کرے گا یا آپ کی کسی بھی بات سے حیران نہیں ہوں گے۔ احترام سے سننا ان کا کام ہے۔
  • نفسیاتی علاج مؤثر ثابت ہوئے ہیں، اور اگر آپ انہیں ایک موقع دیں تو آپ کے صحت یاب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ معمر افراد میں ڈپریشن کے علاج کے لیے نفسیاتی طریقۂ علاج نوجوانوں کی نسبت زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، اس لیے ان کو یہ علاج فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔ اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کو نفسیاتی علاج سے فائدہ ہو گا تو اپنے جنرل پریکٹیشنر سے بات کریں۔ آپہمارے ڈپریشن پر مواد میںڈپریشن کے لیے دستیاب علاج کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

دافع ڈپریشن

ایسی دافع ڈپریشن ادویات موجود ہیں جو ڈپریشن کی علامات کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہیں۔ آپ انہیں عام طور پر دن میں ایک بار گولی کے طور پر لیتے ہیں۔ آپ کا جنرل پریکٹیشنر نفسیاتی علاج کے ساتھ ساتھ آپ کو ایک دافع ڈپریشن تجویز کر سکتا ہے۔

بہت سی مختلف قسم کی دافع ڈپریشن ادویات موجود ہیں، اور آپ کا جنرل پریکٹیشنر آپ سے بات کرے گا تاکہ یہ سمجھ سکے کہ کس قسم کے دافع ڈپریشن آپ کے لیے مددگار ہو سکتے ہیں۔ کچھ معاملات میں، آپ کو دوا سے علاج سے زیادہ دواؤں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ دافع ڈپریشن کے فوائد کو محسوس کرنے میں عام طور پر ایک یا دو ہفتے لگیں گے۔

دوائیں لیتے وقت، کسی بزرگ فرد کو نوجوان کے مقابلے میں دوا کی کم مقدار سے شروع کرتے ہوئے مقدار کو آہستہ آہستہ بڑھایا جانا چاہیے۔

کیا ڈیمنشیا کے شکار افراد دافع ڈپریشن لے سکتے ہیں؟

اس کی کوئی طبی وجہ نہیں ہے کہ ڈیمنشیا کے شکار لوگ دافع ڈپریشن کیوں نہیں لے سکتے۔

تاہم، تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ڈیمنشیا کے شکار لوگوں میں دافع ڈپریشن دیگر افراد کے مقابلے میں کم مؤثر ہوتے ہیں۔ ڈیمنشیا کے شکار لوگوں کو اگر ماضی میں ڈپریشن نہ ہوئی ہو تو انہیں ہلکے سے معتدل ڈپریشن کو سنبھالنے کے لیے دافع ڈپریشن نہیں دی جانی چاہیے۔

کیا دافع ڈپریشن کے مضر اثرات ہیں؟

کسی بھی دوا کی طرح، دافع ڈپریشن مضر اثرات کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ کچھ لوگوں کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ متاثر کر سکتے ہیں، اور مضر اثرات کی قسم اس بات پر منحصر ہو سکتی ہے کہ آپ کس قسم کے دافع ڈپریشن لے رہے ہیں۔

آپ کی دوا تجویز کرنے والے شخص کو آپ سے کسی بھی ممکنہ مضر اثرات کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔ اپنے ڈاکٹر یا دوا فروشوں سے مضر اثرات کے بارے میں کچھ تحریری معلومات لیں اور اسے غور سے پڑھیں۔

ماضی میں استعمال ہونے والی کچھ دافع ڈپریشن کے حالیہ دوائیوں کے مقابلے میں زیادہ مضر اثرات تھے۔ اگر آپ کو ماضی میں دافع ڈپریشن دی گئی تھی تو ہوسکتا ہے یہ ٹھیک وہی نہ ہوں جو آپ کو اب دی جا رہی ہیں۔ اپنے ڈاکٹر کو یہ بتانا یقینی بنائیں کہ آپ نے ماضی میں دافع ڈپریشن ادویات لی ہیں۔

اگر میں ناگوار مضر اثرات کا شکار ہو جاؤں تو کیا ہو؟

اگر دافع ڈپریشن ادویات کے آپ پر ناخوشگوار مضر اثرات ہو رہے یا یہ آپ کے لیے مددگار نہیں ہیں تو اپنے جنرل پریکٹیشنر سے بات کریں۔

عام طور پر آپ کو دوا تجویز کرنے والے شخص سے بات کیے بغیر کوئی دوا لینا بند نہیں کرنا چاہیے۔ تاہم، اگر آپ کو خودکشی کے احساسات، یا کوئی اور سنگین مضر اثرات ہونے لگتے ہیں، تو آپ کو دافع ڈپریشن کو روکنا چاہیے اور فوری مدد حاصل کرنی چاہیے۔ یہ دوا کے تجویز کنندہ یا جنرل پریکٹیشنر سے بات کر کے کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ خطرے میں ہیں تو آپ کو 999 پر کال کرنا چاہیے یا A&E جانا چاہیے۔

آپہماری ویب سائٹپردافع ڈپریشن ادویات اور مضر اثرات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ہمارے پاس دافع ڈپریشن کو روکنےکے بارے میں بھی معلومات ہیں۔

اگر میں دوسری دوا سے علاج کر رہا ہوں تو کیا ہو گا؟

اگر آپ دوسری دوا سے علاج کر رہے ہیں، یا آپ کو صحت کے دیگر مسائل ہیں تو ہو سکتا ہے آپ بعض دافع ڈپریشن لینے کے قابل نہ ہوں۔ یا آپ کے ڈاکٹر کو معمول سے زیادہ آپ کی نگرانی کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر کو کسی دوسری دوائی کے بارے میں بتائیں جو آپ لے رہے ہیں۔

مجھے یقین نہیں ہے کہ دافع ڈپریشن میرے لیے صحیح ہیں یا نہیں

دافع ڈپریشن لینا ایک بڑا قدم محسوس ہو سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے آپ کو یقین نہ ہو کہ آیا یہ آپ کے لیے صحیح فیصلہ ہے۔

دافع ڈپریشن کے بارے میں بھی اسی طرح سوچنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے جس طرح آپ کسی دوسری دوائی کے بارے میں سوچتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے دل کے ساتھ کوئی مسئلہ تھا اور آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو اس کے لیے دوا دی تھی تو شاید آپ اسے لینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔

دافع ڈپریشن کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے سےآپ کو باخبر فیصلہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اینٹی سائیکوٹکس

بعض اوقات اینٹی سائیکوٹکس ان لوگوں کو دی جاتی ہیں جو شدید دماغی خلل اور ڈپریشن کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں، یا ایسے لوگ جو بلند درجے کی بے چینی کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں۔

جب آپ کو اینٹی سائیکوٹکس دی جائیں گی تو آپ کا ڈاکٹر آپ سے گرنے، دل کے مسائل اور نظام دوران خون کے مسائل کے بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں بات کرے گا۔ اگر آپ اینٹی سائیکوٹکس لے رہے ہیں تو اس کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جانا چاہیے۔

عملی معاونت

آپ کی دماغی صحت آپ کی زندگی کی دوسری چیزوں سے منسلک ہو سکتی ہے، چاہے بظاہر وہ چیزیں آپس سے منسلک نہ لگتی ہوں۔ پیسے، رہائش، دیکھ بھال، کام اور ریٹائرمنٹ کے مسائل آپ کی دماغی صحت پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ ان کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کرنا آپ کے ڈپریشن کے علاج میں ایک اہم قدم ہو سکتا ہے۔

اس مواد کے آخر میں بہت ساری معلومات موجود ہیں جو آپ کو اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں مدد حاصل کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔

مزید علاج

اگر آپ کی ڈپریشن بہت شدید ہے تو آپ کو دماغی صحت کے ماہر سروس یا ٹیم کے پاس بھیجا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کو زیادہ علاج اور معاونت کی ضرورت ہے یا اگر آپ اپنے آپ یا کسی اور کے لیے خطرہ بن رہے ہوں تو آپ کو ہسپتال میں وقت گزارنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ آپ کو دافع ڈپریشن کی بجائے یا اس کے ساتھ ساتھ دوسری دوائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔

بعض اوقات، جب کوئی بہت بیمار ہوتا ہے اور دوسرے علاج کام نہیں کرتے ہیں، الیکٹرو کنولسو تھراپی (ECT) پر غور کیا جا سکتا ہے۔ الیکٹرو کنولسو تھراپی میں، آپ کو ایک جنرل اینستھیٹک دی جاتی ہے اور جب آپ سو رہے ہوتے ہیں تو آپ کے دماغ کو بجلی کی چھوٹی برقی دھاروں سے متحرک کیا جاتا ہے۔ الیکٹرو کنولسو تھراپی کو ڈپریشن کے سنگین معاملات کے علاج میں کامیاب دکھایا گیا ہے۔

بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمات کیا ہیں؟

بزرگ افراد کی دماغی صحت کی خدمات ان کی منفرد ضروریات کو مدنظر رکھتی ہیں اور انہیں مناسب دیکھ بھال فراہم کرتی ہیں۔

جب کوئی بڑی عمر کو پہنچتا ہے اور اس کو دماغی صحت کا مرض لاحق ہے تو اس کی زندگی میں ایسی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں جن پر غور کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بزرگ افراد کو ہو سکتے ہیں:

  • صحت کے کئی مسائل
  • کمزوری، یعنی وہ بیماریوں یا چوٹوں سے صحت یاب ہونے میں زیادہ مشکل محسوس کرتے ہیں
  • غم زدہ ہوئے اور دیگر نقصانات سے دوچار ہوئے۔

اگر کسی بزرگ فرد کو دیگر بیماریاں جیسے ڈیمنشیا ہو تو ان کی بیماری کو بے چینی یا ڈپریشن کے ساتھ الجھایا جا سکتا ہے۔ بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمات کو ڈپریشن کی تشخیص کرتے وقت اس پر غور کرنے کی مہارت حاصل ہے۔

بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمات کے پاس چلنے پھرنے میں مدد کے حقدار لوگوں کے لیے سہولتیں بھی ہوتی ہیں۔

کسی کو بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمات کی ضرورت کب پڑتی ہے؟

آپ کو بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمات میں بھیجنے کا فیصلہ آپ کی انفرادی ضروریات پر مبنی ہونا چاہیے نہ کہ صرف آپ کی عمر پر ہو۔ درج ذیل باتوں پر غور کرنا چاہیے:

  • مقامی طور پر دستیاب خدمات کی اقسام
  • دیگر صحت سے متعلق عارضے جو آپ کو ہو سکتے ہیں
  • آپ کی کمزوری کی سطح۔

    اگر آپ بڑی عمر کے بالغوں کی دماغی صحت کی خدمت سے بزرگ افراد کے لیے خدمات میں منتقل ہوتے ہیں تو، آپ کا علاج کرنے والے افراد کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ نئی خدمات آپ کی ضروریات کو سمجھے، جیسے کہ:

  • آپ کے علاج کی تاریخ
  • آپ کی ترجیحات
  • آپ کے لیے دستیاب معاونت کے نظام
  • آپ کی ذاتی تاریخ۔

اگر میں کسی دیکھ بھال کے ادارے میں رہ رہا ہوں تو کیا ہو؟

دیکھ بھال کے اداروں میں رہنے والے افراد کو بھی باقی افراد کی طرح دماغی صحت میں معاونت حاصل کرنے کا حق ہے۔ اگر آپ کسی دیکھ بھال کے ادارے میں ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ:

  • آپ کو ایسی سرگرمیاں فراہم کی جانی چاہئیں جو آپ کی جسمانی اور دماغی صحت کو فروغ دیتی ہوں
  • دیکھ بھال کے ادارے کے عملے کو یہ تربیت ہونی چاہیے وہ آپ کے دماغی صحت کے مسائل کو جان سکتے ہوں
  • شناخت کیے جانے والے دماغی صحت کے مسائل کو آپ کے ذاتی دیکھ بھال کے منصوبے میں ریکارڈ کیا جانا چاہیے۔
  • دیکھ بھال کے اداروں میں رہنے والے افراد میں ڈپریشن ان لوگوں میں زیادہ عام ہے۔ اگر آپ کو ڈپریشن ہے اور آپ کسی دیکھ بھال کے ادارے میں ہیں تو یہ ضروری ہے کہ آپ کو وہ اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال فراہم کی جائے جس کے آپ حق دار ہیں۔ آپ کی دوا کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جانا چاہیے اور کسی بھی مضر اثرات کو احتیاط سے مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

میں دیکھ بھال کے ادارے میں دماغی صحت کی دیکھ بھال کیسے حاصل کر سکتا ہوں؟

جنرل پریکٹیشنر کے ذریعے

اگر آپ کسی دیکھ بھال کے ادارے میں رہتے ہیں تو آپ کو جنرل پریکٹیشنر کے پاس رجسٹر ہونا چاہیے۔ آپ کو اپنے جنرل پریکٹیشنر پریکٹس کا انتخاب کرنے کا حق ہے۔ آپ اپنے پچھلے جنرل پریکٹیشنر پریکٹس کے ساتھ رہنے کا انتخاب کر سکتے ہیں یا ایسی پریکٹس پر منتقل ہو سکتے ہیں جو آپ کی دیکھ بھال کے ادارے سے منسلک ہو۔

اگر آپ کسی دیکھ بھال کے ادارے میں ہیں اور دماغی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں تو آپ کو اپنے جنرل پریکٹیشنر سے بات کرنی چاہیے۔ آپ کے جنرل پریکٹیشنر کو دیگر جسمانی صحت کے عارضوں کا علاج کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے جو موڈ پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

دیکھ بھال کے ادارے کے عملے کے ذریعے

دیکھ بھال کے ادارے کے عملے کو کبھی کبھار نفسیاتی معاونت جیسے ک مشاورت فراہم کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اگر دیکھ بھال کے ادارے کا عملہ محسوس کرے کہ آپ کو مزید گہرے تعاون کی ضرورت ہے یا آپ کو دماغی بیماری ہے تو آپ یا آپ کے دیکھ بھا کرنے والے اپنے جنرل پریکٹیشنر سے بات کر سکتے ہیں جو آپ کو مخصوص دیکھ بھال کے ادارے کی رابطہ ٹیم کے پاس بھیج سکتا ہے۔

دیکھ بھال کے گھر کی رابطہ ٹیمیں دیکھ بھال کے زیادہ تر اداروں میں دستیاب ہوتی ہیں اور یہ نفسیاتی علاج جیسے کہ ادراکی رویہ جاتی تھراپی (CBT) یا نفسیاتی حرکیاتی تھراپی فراہم کرنے کے قابل ہوتی ہیں۔

چیریٹی ایج یو کے دیکھ بھال کے اداروں پر معلومات فراہم کرتی ہے، جبکہ چیریٹی کیئرز ٹرسٹ دیکھ بھال کے گھر میں رہنے والے کسی فرد کی دیکھ بھال کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرتی ہے۔

کسی بزرگ فرد کو ضروری مدد کیوں نہیں مل سکتی؟

کچھ ایسی باتیں ہیں جو بزرگ افراد کے لیے ڈپریشن کے لیے مدد حاصل کرنے میں زیادہ مشکل پیدا کر سکتی ہیں۔

دیگر صحت کے مسائل

اگر آپ کو کوئی دوسرا صحت کا مسئلہ ہو تو آپ یا آپ کے ڈاکٹر کے لیے یہ معلوم کرنا مشکل ہو سکتا ہے کہ آیا آپ کو ڈپریشن بھی ہو رہی ہے۔

بعض اوقات ڈپریشن کو دیگر دماغی یا جسمانی صحت کے عارضے کے ساتھ الجھایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، ڈپریشن کے ساتھ پیدا ہونے والے یادداشت کے مسئلے کو ڈیمنشیا سمجھا جا سکتا ہے، یا اس کے برعکس بھی ہو سکتا ہے۔

ڈپریشن میں آپ کے لیے ادویات لینا یا ملاقاتوں پر جانے میں بھی مشکل پیدا ہو سکتی ہے۔ نتیجتاً، آپ کی جسمانی صحت مزید خراب ہو سکتی ہے جو آپ کے ڈپریشن کو بھی مزید بڑھا سکتی ہے۔

دقیانوسی تصورات

بدقسمتی سے کچھ لوگ بزرگ لوگوں کے بارے میں نقصان دہ دقیانوسی تصورات رکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بزرگ افراد کا ہر وقت تھکا ہوا محسوس کرنا معمول کی بات ہے، یا یہ کہ بڑھاپے میں تنہائی کا احساس ہونا ایک قدرتی عمل ہے۔

ایسے لوگ جو ان دقیانوسی تصورات کو مانتے ہیں وہ ممکنہ طور پر کسی بزرگ شخص میں ڈپریشن کو پہچاننے میں ناکام رہیں۔ ڈپریشن کا احساس بڑھاپے کا معمول کا حصہ نہیں ہیں اور آپ کسی بھی عمر میں مدد اور تعاون کے حق دار ہیں۔

”کئی سال پہلے، انہوں نے بوڑھے پنشنرز کی اصطلاح کو بدل کر سینئر سٹیزن کر دیا تاکہ لیبل کو کسی حد تک تبدیل کیا جا سکے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بات صرف عنوان بدلنے کی نہیں ہے۔ یہ لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنے کے بارے میں ہے۔“ - برنی

بدنامی

ماضی میں بنسبت آج کے دور کے دماغی بیماری اور ان میں مبتلا افراد کے ساتھ بہت مختلف انداز میں برتاؤ کیا جاتا تھا۔ اگر آپ نے ماضی میں ڈپریشن کے شکار لوگوں کے بارے میں منفی باتیں سنی ہیں تو آپ کو اب ڈپریشن کے لیے مدد حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ڈپریشن عام، قابل علاج ہے اور آپ مدد کے مستحق ہیں۔ ہر طرح کے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں اور یہ اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ آپ ایک شخص کے طور پر کون ہیں۔

ڈپریشن کو زندگی کا ایک حصہ سمجھنا

اگر آپ ڈپریشن محسوس کرنے کے عادی ہو گئے ہیں تو ہو سکتا ہے آپ کو مدد حاصل کرنے کا کوئی فائدہ نظر نہیں آئے۔ چاہے یہ مشکل لگے لیکن جتنی جلدی آپ مدد طلب کریں گے اتنی ہی جلدی آپ بہتری کی طرف بڑھ سکیں گے۔

تکنیکی رکاوٹیں

کچھ جنرل پریکٹیشنر سے ملاقاتیں اب فون پر یا آن لائن بھی کی جاتی ہیں۔ کچھ بزرگ افراد کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال مشکل ہو سکتا ہے، یا وہ صرف ذاتی حیثیت میں معاملات انجام دینا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ فون یا آن لائن حساس چیزوں کے بارے میں بات کرنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹروں کے لیے فون کال کے ذریعے یہ بتانا بھی مشکل ہو سکتا ہے کہ آیا کسی کو ڈپریشن کا سامنا ہے۔ یہ چیز صرف آمنے سامنے ملاقات کے ذریعے ہی محسوس کی جا سکتی ہے۔

دوست اور خاندان کیا تعاون پیش کر سکتے ہیں؟

اگر آپ کے جاننے والے کسی بزرگ کو ڈپریشن ہے تو یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ ان کی کس طرح مدد کی جائے۔ جب آپ کسی بزرگ شخص کی ڈپریشن میں مدد کر رہے ہوں تو درج ذیل باتوں پر غور کر سکتے ہیں:

حساس طریقے سے بات چیت کرنا

یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ کسی ایسے شخص کو کیا کہا جائے جو ڈپریشن کا سامنا کر رہا ہو۔ کبھی کبھار سب سے اہم کام جو آپ کر سکتے ہیں وہ یہ ہوتا ہے کہ کسی کی بات غور سے سنیں اور مدد حاصل کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کریں۔

آپ کو ایسی باتیں کہنے سے گریز کرنا چاہیے جنہیں منفی طور پر لیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، کسی کو یہ کہنا کہ وہ ‘خود ہی ٹھیک ہو جائیں گے’ یا یہ کہنا کہ دوسروں کے حالات ان سے بھی بدتر ہیں۔ یہ اس شخص کے لیے مدد حاصل کرنا مشکل بنا سکتا ہے۔

فرد کو یاد رکھیں

وہ تمام چیزیں جو کسی کو منفرد بناتی ہیں، جیسے کہ ان کے زندگی کے تجربات، اقدار اور دلچسپیاں، بڑھاپے کے ساتھ ختم نہیں ہوتیں۔ جب آپ اپنے جاننے والے فرد کو ایک منفرد شخصیت کے طور پر دیکھیں گے تو آپ ان کی بہتر مدد کر سکیں گے۔

خودمختاری کی حوصلہ افزائی کریں

اگرچہ کچھ بزرگ افراد کو بعض کاموں میں، جیسے کہ سروسز تک رسائی یا اپنی دیکھ بھال کے انتظام میں مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے، لیکن یہ سوچنا ضروری ہے کہ آپ کا جاننے والا فرد کس طرح خودمختار رہ سکتا ہے۔ ان کے ساتھ مل کر یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آپ دونوں کس طرح ان کی دیکھ بھال میں شامل ہو سکتے ہیں اور کس طرح ان کی خود سے کام کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

ثقافتی فرق کو مدنظر رکھیں

اگر آپ کا جاننے والا فرد کسی دوسرے ملک میں پلا بڑھا ہو، وہاں وقت گزارا ہو، یا کوئی مختلف زبان بولتا ہو تو چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

  • بات چیت میں رکاوٹیں - اگر آپ کا جاننے والا فرد انگریزی نہیں بولتا، یا یہ ان کی پسندیدہ زبان نہیں ہے تو انہیں صحت کے ماہرین سے بات چیت کرنے میں دشواری ہو سکتی ہے۔ انہیں ایک پیشہ ور مترجم کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنی ضروریات کو زیادہ واضح انداز میں بیان کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے ملاقاتوں میں زیادہ وقت دیا جانا چاہیے۔
  • بدنامی – مختلف ثقافتوں اور نسلوں کا دماغی بیماری کے بارے میں رویہ مختلف ہوتا ہے۔ اگر آپ کا جاننے والا فرد ایسے وقت یا جگہ پر پلا بڑھا ہو جہاں دماغی بیماری سے متعلق منفی خیالات پائے جاتے تھے تو وہ مدد مانگنے میں مشکل محسوس کر سکتا ہے۔ نفسیاتی تعلیم، جب کوئی اپنی دماغی بیماری کے بارے میں سیکھتا ہے، مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ وہ مذہبی راہنما یا کمیونٹی گروپ کی معاونت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
  • ساتھیوں کی معاونت - ہر کوئی ایسے لوگوں سے بات کرنے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جو ان سے ملتے جلتے ثقافتی تجربات رکھتے ہیں۔ آپ کے قریب ایسے گروپس موجود ہو سکتے ہیں جہاں آپ کا جاننے والا فرد اپنی ہی نسل یا ثقافتی پس منظر کے لوگوں سے مل سکتا ہو۔ آپ مائنڈ ویب سائٹ پر اپنے قریبی ساتھیوں کی معاونت اور ان کی پیش کردہ خدمات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
  • ریکارڈز تک رسائی میں مشکلات – اگر آپ کا جاننے والا فرد کسی دوسرے ملک میں رہا اور اس نے وہاں علاج کروایا ہے تو ان کے طبی ریکارڈز حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

اگر میں دیکھ بھال کرنے والا ہوں تو کیا ہو گا؟

ایک دیکھ بھال کرنے والا شخص وہ ہوتا ہے جو کسی ایسے فرد کی دیکھ بھال کرتا ہے جو اپنی خود دیکھ بھال کرنے میں دشواری محسوس کرتا ہے۔ دیکھ بھال کرنے والے عملی، جذباتی اور مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، اور جس فرد کی وہ دیکھ بھال کر رہے ہوتے ہیں اس کی طبی نگہداشت میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

دیکھ بھال کرنا ایک بہت مشکل کام ہو سکتا ہے، اور ایک دیکھ بھال کرنے والے کے طور پر آپ مختلف اور متضاد جذبات جیسے کہ غصہ، جرم، فکر یا اداسی محسوس کر سکتے ہیں۔

دیکھ بھال کرنے والا ہونا ایک اطمینان بخش تجربہ بھی ہو سکتا ہے۔ بہت سے دیکھ بھال کرنے والوں کا اپنے زیرِ نگہداشت افراد کے ساتھ گہرا تعلق ہوتا ہے اور وہ اہم عملی اور جذباتی مہارتیں سیکھتے ہیں۔ آپ کے جو بھی تجربات اور احساسات بھی ہیں، وہ جائز ہیں۔

دیکھ بھال کرنے والے کے طور پر، آپ جس شخص کی دیکھ بھال کرتے ہیں اس کی مدد کے لیے آپ بہت ساری چیزیں کر سکتے ہیں، جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

  • ضرورت پڑنے پر مدد حاصل کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا
  • ان کے ساتھ مل کر یہ سمجھنے کی کوشش کرنا کہ وہ اپنی دیکھ بھال میں آپ کی کتنی شمولیت چاہتے ہیں
  • ان لوگوں کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنا جو ان کی طبی دیکھ بھال فراہم کرتے ہیں
  • ہنگامی صورتحال میں کیا کرنا ہے، اس کے بارے میں منصوبہ بنانا۔

ایسی چیزیں بھی ہیں جو آپ اپنی مدد کے لیے کر سکتے ہیں، ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

  • اپنے دباؤ اور خدشات کسی قابلِ اعتماد دوست یا گھرانے کے فرد کے ساتھ بانٹنا
  • اپنی جسمانی اور دماغی صحت کا خیال رکھنا – یہ اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ آپ جس فرد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اس کا خیال رکھنا، اور یہ آپ دونوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے
  • دوستوں یا کسی پیشہ ور نگہداشت فراہم کرنے والی سروس کی مدد سے خود کو وقفہ دینا
  • دیکھ بھال کرنے والوں کا جائزہ اور کام کی جگہ پر سہولتوں جیسی معاونت تک رسائی حاصل کرنا
  • مدد کے لیے دوسرے دیکھ بھال کرنے والوں سے ملاقات کرنا
  • مستقبل کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرنا
  • ان فوائد کے لیے درخواست دینا جن کے آپ حقدار ہیں۔

یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ آپ جس فرد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، اسے "ٹھیک" کرنا آپ کی ذمہ داری نہیں ہے

آپ ہماری راہنمائیدماغی بیماری میں مبتلا کسی فرد کی دیکھ بھالکے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

”بطور نگہبان مجھے منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے، ہر چیز ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ نہ صرف اگلے چند ہفتوں کے لیے، بلکہ اگلے چند سال کے لیے۔“ صوفیہ

مزید معلومات

ڈپریشن کے بارے میں معلومات

دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے معلومات

بوڑھے لوگوں کے لیے دیگر معلومات

ڈپریشن پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس (NICE) کی رہنمائی

بشکریہ

یہ معلومات رائل کالج آف سائکیاٹرسٹ (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں. اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

ماہر مصنفین: ڈاکٹر منوج راجگوپال، ڈاکٹر کپیلا سچدیو اور ڈاکٹر قطب جمالی

ان افراد کا شکریہ جنہوں نے ڈپریشن کا عملی تجربہ رکھتے ہوئے اس مواد کی تیاری میں مدد فراہم کی: برنی، فلپ اور سوفیجا اوپیک۔ ان کے کچھ تجربات اس وسیلے میں بطور اقتباسات شامل کیے گئے ہیں۔

مکمل حوالہ جات درخواست پر دستیاب ہیں۔

(This translation was produced by CLEAR Global (May 2025

Read more to receive further information regarding a career in psychiatry